نئے بجٹ میں عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی تیاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو 860 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس کے بعد مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس سے ایندھن اور توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو جی ایس ٹی کی مد میں اضافی 2 ہزار ارب روپے جمع کرنے کا ہدف بھی دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 17 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں ٹیکس وصولیوں کا مجموعی ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ ابتدائی 6 ماہ کے دوران تقریباً 7 ہزار ارب روپے جمع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق وزارت خزانہ اور ایف بی آر 430 ارب روپے کا اضافی بوجھ عوام پر ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں 215 ارب روپے نئے ٹیکسز جبکہ باقی رقم سخت نگرانی اور آڈٹ کے ذریعے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ اسی طرح چاروں صوبوں کی جانب سے بھی مزید 430 ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آئی ایم ایف کی نئی شرائط، آئندہ بجٹ میں 430 ارب روپے کے اضافی ٹیکس کا امکان

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا جا رہا ہے، جو موجودہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 260 ارب روپے زیادہ ہوگا۔ حکام کے مطابق اگر کسی شعبے کو ریلیف دیا گیا تو اس کا بوجھ دوسرے شعبوں پر منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کے باوجود زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس وصولی میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ماہرین کے مطابق ملکی معیشت میں زرعی شعبے کا حصہ تقریباً 25 فیصد ہے، مگر ٹیکس وصولیوں میں اس کا حصہ نہایت کم، یعنی صرف 0.3 فیصد ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پہلے سے موجود مہنگائی اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث نئے مالی سال میں عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter