سری نگر: کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے مطالبے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم لاکھوں کشمیری مہاجرین کا حقِ رائے دہی ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری مہاجرین کے حقوق جموں و کشمیر کے عوام کے اجتماعی حقوق کا لازمی حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی اس وقت ممکن ہے جب جموں و کشمیر کے ہر خطے اور ہر طبقے کے حقوق کی نمائندگی کی جائے، اور کسی ایک طبقے کے حقوق کی خاطر دوسرے کے آئینی اور جمہوری حقوق کو فراموش نہ کیا جائے۔
میر واعظ عمر فاروق نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ باہمی مشاورت، افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے ایسا قابلِ قبول حل تلاش کریں جو تمام متعلقہ فریقوں کے حقوق اور مفادات کا احترام کرے۔
