کراچی کی سڑکوں پر روبوٹ ٹریفک چالان کریں گے، اعلان کر دیا گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہرِ قائد کے شہریوں کے لیے ایک نئی اور دلچسپ خبر سامنے آئی ہے اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روبوٹس چالان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، کراچی میں ای چالان سسٹم 27 اکتوبر سے متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ان کے گھروں پر چالان موصول ہو رہے ہیں۔ تاہم، اب ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں روبوٹ ٹریفک چالان کا کام سنبھالیں گے۔

latest urdu news

ڈی آئی جی ٹریفک نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ای چالان کے بعد ایک تیسرا خودکار نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جو روبوٹس کے ذریعے ٹریفک مانیٹرنگ پر مبنی ہوگا۔

ان کے مطابق، یہ روبوٹس آئندہ ماہ سے کراچی کی مختلف سڑکوں پر تعینات کیے جائیں گے، جن میں صدر، طارق روڈ اور دیگر مصروف مقامات شامل ہیں۔ روبوٹس تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سڑکوں پر گشت کریں گے، گاڑیوں کو اسکین کریں گے اور جو گاڑیاں نو پارکنگ یا دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث ہوں گی، ان کی خودکار رپورٹ تیار کریں گے۔

خلاف ورزی کی تصدیق کے بعد متعلقہ گاڑی کے مالک کو ای چالان موصول ہو جائے گا۔

پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک پولیس کے نظام میں شفافیت آئے گی اور انسانی غلطیوں یا دباؤ میں فیصلوں کی گنجائش کم ہو جائے گی۔

یوں کراچی ملک کا پہلا شہر بننے جا رہا ہے جہاں روبوٹس شہریوں کے ٹریفک چالان کریں گے یعنی اب قانون توڑنے والوں کو انسان نہیں، مشین پکڑے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter