کراچی کی سینٹرل جیل میں قائم عدالت کے باہر منشیات کے مقدمے کی ملزمہ انمول عرف پنکی کی پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جس کے باعث صحافیوں اور عام سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کی بھاری نفری نے جیل کمپلیکس اور عدالت کے اطراف کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور میڈیا نمائندوں کو کوریج کے لیے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صحافیوں کو نہ صرف کمرہ عدالت بلکہ جیل کے بیرونی احاطے میں بھی داخلے سے روک دیا گیا۔
جیل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے پابندیوں کے بارے میں جب اہلکاروں سے تحریری احکامات یا ذمہ دار افسر کی تفصیلات پوچھی گئیں تو وہ واضح جواب دینے سے قاصر رہے، جس پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی گئی۔
کوکین کیس کی ملزمہ پنکی کیلئے سخت سیکیورٹی، بغدادی تھانہ حساس قرار
سیکیورٹی اقدامات کے تحت وکلاء اور پولیس اہلکاروں کی گاڑیوں کی بھی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے، اور سخت چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ان انتظامات اور راستوں کی بندش کے باعث عدالت آنے والے سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ عدالتی کارروائی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
