کراچی میں گرفتار مبینہ منشیات اسمگلنگ کے مرکزی ملزمہ انمول عرف “پنکی” کی جیل میں موجودگی کے باوجود اس کے نیٹ ورک کی سرگرمیاں جاری رہنے کے خدشات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اس نیٹ ورک کی ممکنہ سرگرمیوں سے متعلق نئے پہلو سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ نیٹ ورک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں مخصوص طریقۂ کار کے ذریعے مشکوک ترسیلات کی اطلاعات ملی ہیں، جن میں گھروں، بنگلوں اور ریسٹورنٹس تک اشیاء کی ڈیلیوری کے غیر معمولی طریقے شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ افراد مبینہ طور پر آن لائن ادائیگیوں کے لیے مختلف اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کر رہے ہیں، تاکہ مالی لین دین کو جاری رکھا جا سکے۔
انمول عرف پنکی منشیات کیس، متعدد قریبی افراد کے نام پی این آئی ایل میں شامل
اس حوالے سے ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی زیرِ تفتیش ہے، جس میں مبینہ طور پر ترسیل کے طریقۂ کار اور ڈیلیوری سے متعلق گفتگو کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق آڈیو کی فرانزک جانچ اور دیگر شواہد کی تصدیق جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی معلومات کے بعد معاملے کی حساس نوعیت کے پیش نظر تحقیقات کو مزید وسعت دی گئی ہے، اور متعلقہ ادارے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
