وفاقی حکومت نے ملک میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے نئے ڈیزائن پر غور کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزارتِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بینک نوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کرنسی نوٹوں کے موجودہ ڈیزائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن پر کام شروع کیا گیا ہے، جس کے لیے بین الاقوامی سطح کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 100، 500، 1000 اور 5000 روپے مالیت کے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کروانے کی تجویز ہے۔ ان نئے نوٹوں میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ جعلی کرنسی کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ خاص طور پر سکیورٹی تھریڈ اور دیگر حفاظتی عناصر کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں پاکستان کے علاقائی اور جغرافیائی تنوع کو نمایاں کیا جائے گا۔ مختلف صوبوں کی ثقافت، تاریخی ورثے اور اہم یادگاروں کو ڈیزائن کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ قومی شناخت کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی تاریخ اور تہذیب کی عکاسی کرنے والے عناصر بھی شامل کیے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، چھپائی کابینہ کی منظوری سے مشروط
کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن میں خواتین کے قومی ترقی میں کردار کو نمایاں کیا جائے گا۔ خواتین کی سماجی، معاشی اور تعلیمی شعبوں میں شمولیت کو اجاگر کرنا اس ڈیزائن کا ایک اہم پہلو ہوگا۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم اور حساس عالمی مسئلے کو بھی کرنسی نوٹوں کے ذریعے اجاگر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے۔
وفاقی کابینہ نے ان تمام تجاویز پر مزید غور و خوض کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، سکیورٹی فیچرز اور دیگر پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ نہ صرف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گے بلکہ قومی تشخص اور سماجی اقدار کی بھرپور نمائندگی بھی کریں گے۔
