فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
ان کے مطابق صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور سرمایہ کاری عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و امان اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، باہمت اور محب وطن عوام کا خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، انہیں مناسب مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانا پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ عمرہ ادائیگی
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ سے عوام کے لیے معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی خوشحالی کی رفتار تیز ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان دشمن عناصر کی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں، تاہم بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے خلاف دشمن کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق بلوچستان کا مستقبل صوبے کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
عمائدین سے گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ دشمن عناصر ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجتماعی عزم اور ریاست کے مؤثر ردعمل کے ذریعے ایسے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
