سرگودھا سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کو 9 مئی کے ہنگامہ آرائی کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
عدالت نے یہ فیصلہ مختصر سماعت کے بعد سنایا جس میں مجموعی طور پر سرگودھا کے 70 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں، دلچسپ امر یہ ہے کہ فیصلے کے وقت عدالت میں نہ تو احمد خان بھچر موجود تھے اور نہ ہی دیگر کسی ملزم نے پیشی دی۔
عدالت نے رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت تمام گرفتار اور نامزد ملزمان کو بھی 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس فیصلے کو پی ٹی آئی کے خلاف جاری کارروائی کا ایک اور اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ جن رہنماؤں کو سزا سنائی گئی ہے، وہ پارٹی کی سرگرم سیاسی قیادت کا حصہ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ میانوالی میں 9 مئی کو ہونے والی ہنگامہ آرائی اور املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں عدالت نے احمد خان بھچر اور 32 دیگر افراد کو پہلے ہی حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا۔ اب اچانک سنائے گئے اس فیصلے پر قانونی و سیاسی حلقوں میں مختلف آراء گردش کر رہی ہیں۔