وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں میں ریفارمز کا سلسلہ جاری ہے اسی سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے پنجاب بھر کی جیلوں میں تعینات سٹاف کیلئے بائیو میٹرک حاضری لازم قرار دے دی ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی جیلوں میں تعینات عملے کے لیے بائیو میٹرک حاضری کو لازم قرار دے دیا ہے۔ اب جیلوں میں تعینات تمام عملے کو دن کے آغاز اور اختتام پر بائیو میٹرک حاضری لگانے کی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل، پنجاب بھر میں تعینات ڈی آئی جیز اور تمام جیل سپرنٹینڈنٹس کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کیا ہے۔ اس مراسلے کے مطابق، اگر کسی افسر یا اہلکار کی بائیو میٹرک حاضری موجود نہ ہو تو اسے غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔ یہ حکمنامہ پنجاب بھر کی جیلوں میں تعینات تمام افسران و اہلکاران کے لیے ہے۔
محکمہ داخلہ نے سینئر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ جیلوں میں تمام عملے کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنائیں، تاکہ جیلوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے اور اصلاحات کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکے۔