نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر نامزد مشیر برائے اسپیشل مشن رچرڈ گرینل نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہا کیا جانا چاہیے۔
نومنتخب امریکی صدر کے نامزد مشیر برائے اسپیشل مشن رچرڈ گرینل نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی رہائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جیل سے رہا کیا جانا چاہیے۔ رچرڈ گرینل نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ حالیہ بیانات میں بھی یہ تجویز دی گئی تھی کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، اور وہ خود بھی یہی بات کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر روایتی سیاستدان اور کاروباری افراد عقل و فہم کے ساتھ ملک کو بہتر طریقے سے چلا سکتے ہیں، اور اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے۔
رچرڈ گرینل نے عمران خان پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کو جھوٹے قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کو پاکستان کی حکمران جماعت نے جیل میں ڈالا، حالانکہ وہ وزیراعظم بننے کے لیے عوامی فیصلہ چاہتے ہیں۔
رچرڈ گرینل نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دوران پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے تھے، اور عمران خان کے بطور وزیراعظم، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات تھے کیونکہ عمران خان ایک غیر روایتی سیاستدان تھے اور وہ سسٹم سے باہر تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاف گو ہیں اور روایتی سیاستدان نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے تعلقات ٹرمپ سے بہتر تھے۔
انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی، اور اب جب بائیڈن انتظامیہ کا اختتام قریب ہے، وہ یہ دکھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ پاکستان کے معاملات پر انہیں بہت پرواہ ہے اور وہ اس پر پیشرفت چاہتے ہیں۔