وفاق کو ہماری بات ماننی ہوگی، حکومت گرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واضح کریں کہ کینالز منصوبے کی حمایت نہیں کی جائے گی، دریائے سندھ ہماری بقا کا ضامن ہے، وفاق کو ہمارے مؤقف کو تسلیم کرنا ہوگا۔

کراچی میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کینالز صرف سندھ کا نہیں بلکہ تمام صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کا معاملہ ہے،وزیراعظم کو اعلان کرنا ہوگا کہ وفاق اس منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا، اور اگر وہ ایسا نہیں بھی کرتے تو ہم سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو گرانے کی طاقت رکھتے ہیں مگر اپوزیشن کے دباؤ میں آ کر ایسا نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکی مفاد کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، ہم 1992 کے پانی معاہدے کے خلاف ہیں کیونکہ اس کے باوجود سندھ کو اس کا پورا حق نہیں مل رہا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے چولستان کینال کی منظوری نہیں دی، یہ تاثر دینا غلط ہے کہ اس منصوبے کی منظوری دی گئی تھی، صدر مملکت کے پاس ایسے کسی منصوبے کی منظوری کا آئینی اختیار نہیں، اجلاس کے منٹس کو بھی غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔

انہوں نےکہا کہ ارسا کا پانی کا سرٹیفکیٹ ہی غلط ہے، دریا میں پہلے ہی پانی موجود نہیں، پنجاب حکومت کہتی ہے کہ اپنے حصے کا پانی چولستان کینال میں ڈالے گی لیکن کیا اس پر متعلقہ کسانوں اور انجینیئرزسے مشاورت کی گئی؟

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جیسے پہلے کالاباغ ڈیم کے حوالے سے افواہیں پھیلائی گئیں، ویسی ہی صورتحال اب چولستان کینال کے حوالے سے پیدا کی جا رہی ہے، یہ معاملہ سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹ) میں زیر بحث آئے گا، اور ہم وہاں بھی اس کی مخالفت کریں گے۔

دوسری جانب ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 300 ملین ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا۔

ورلڈ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ قرضہ پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد صوبے میں فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter