ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے سے 10 اہلکار شہید ہو گئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی جانب سے ایف سی چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں 10 اہلکاروں کی شہادت پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق دہشتگردوں نے درازندہ کے علاقے میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا۔ اس حملے میں ایف سی کے جوانوں نے دلیری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں سے 6 کا تعلق جنوبی وزیرستان اور 4 کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ وزارت نے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں سے ہمارے عزم میں مزید پختگی آئے گی اور دہشتگردوں کے خلاف لڑائی کو جاری رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے زام چیک پوسٹ پر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان جوانوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی اور دہشتگردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔