رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی علیمہ خان کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر پھٹ پڑے۔
ایک انٹرویو کے دوران رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کا یہ کہنا تھا کہ علیمہ خان پارٹی میں انتشار کی وجہ بن رہی ہیں اور ان کے فیصلوں کی پارٹی میں کوئی وقعت نہیں، ان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں کہیں دوروں کی ہدایت کی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کے پی حکومت کو کمزور کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں لیکن جب تک علی امین گنڈاپور کو سابق وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے اس وقت تک ان کی حکومت کو خطرہ نہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کو علیمہ خان نے پشاور اور مردان میں جیل کاٹنے والے پارٹی کارکنوں سے ملاقات بھی کی تھی، اس موقع پر کارکنان نے وزیراعلیٰ کے پی سمیت پارٹی کی صوبائی قیادت کے خلاف بہت زیادہ شکایات کیں تھیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے موسیٰ خیل میں 23 افراد کے جاںبحق ہونے کے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کرظلم ڈھایا ہے، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی، دہشتگرد اور انکے سہولت کار انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔