سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں دو پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ارسلان اور ناصر علی کے نام سے ہوئی ہے، جو خیبرپختونخوا کی تحصیل مردان کے رہائشی تھے۔ دونوں نوجوان چار سال سے ریاض میں محنت مزدوری کر رہے تھے اور ایک ہی گاؤں کے رہائشی ہونے کے ساتھ ساتھ قریبی دوست بھی تھے۔
اہلِ خانہ کے مطابق، دونوں نوجوان موٹر سائیکل اور کار کے تصادم میں جان کی بازی ہار گئے۔ ان کی میتیں مردان کے علاقے تخت بھائی کے گاؤں ہاتھیان پہنچائی گئیں، جہاں شام پانچ بجے ریلوے اسٹیشن پر ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور بعد ازاں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ارسلان کی عید کے بعد شادی طے تھی اور اس کے گھر میں تیاریاں جاری تھیں، لیکن خوشیوں کا یہ موقع غم میں بدل گیا۔ وہ اور ناصر علی، دونوں عید الفطر پر اپنے گھر آنے والے تھے، مگر قسمت نے انہیں وطن پہنچنے سے پہلے ہی ہمیشہ کے لیے جدا کر دیا۔
اس اندوہناک حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ والدین اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں۔