جمعہ, 25 اپریل , 2025

حکومت کا مہنگائی کی شرح میں کمی کا دعویٰ، مگر 11 اشیا مزید مہنگی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.20 فیصد کمی ہوئی ہے۔ مختلف آمدنی والے طبقوں کے لیے بھی مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، تاہم روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو اب بھی مہنگائی کا سامنا ہے۔

latest urdu news

گزشتہ ہفتے جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں پرنٹڈ لان 2.90 فیصد، ایل پی جی 1.53 فیصد، لانگ کلاتھ 1.23 فیصد، بریڈ 0.55 فیصد، سگریٹ 0.27 فیصد، بیف 0.25 فیصد، دہی 0.24 فیصد اور نمک 0.03 فیصد مہنگا ہوا۔

دوسری جانب کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، جن میں ٹماٹر 7.08 فیصد، پیاز 6.07 فیصد، لہسن 5.59 فیصد، انڈے 6.64 فیصد، آلو 2.05 فیصد، چائے کی پتی 1.30 فیصد، دال چنا 1.60 فیصد، چینی 0.87 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی 0.60 فیصد سستی ہوئی ہے۔

حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے کے باوجود عوام کو روزمرہ استعمال کی کئی اشیا مزید مہنگی مل رہی ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ یہ ظاہر کرتی ہے کہ کچھ اشیا کی قیمتیں کم ضرور ہوئی ہیں، مگر بنیادی ضرورت کی کئی اشیا کی قیمتیں اب بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter