جمعہ, 25 اپریل , 2025

جعفر ایکسپریس حملہ بھارت کی پاکستان مخالف سوچ کا تسلسل ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والا حملہ بھارت کی پاکستان مخالف سوچ کا تسلسل ہے، اور حملہ آور دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

latest urdu news

منگل کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے اور یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جس بہادری اور مہارت سے یرغمالیوں کو بازیاب کروایا، وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ چند دہشت گردوں نے بلوچ روایات کی پامالی کی ہے،یہ وہ عناصر ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔

حملے کی تفصیلات:

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے لیے ایک انتہائی دشوار گزار علاقے کا انتخاب کیا۔ جعفر ایکسپریس کو آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے روکا گیا، جس کے بعد دہشت گردوں کے کئی گروہ متحرک ہوئے۔

ایک گروپ نے خواتین اور بچوں کو ٹرین کے اندر رکھا۔ باقی مسافروں کو ٹرین سے اتار کر زمین پر بٹھایا گیا۔ دہشت گردوں نے فورسز کی مداخلت روکنے کے لیے مختلف مقامات پر پوزیشن سنبھال لی۔

بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا:

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس حملے کی سپورٹ میں ایک معلوماتی جنگ بھی شروع کی گئی، جسے بھارتی میڈیا لیڈ کر رہا تھا۔

حملے کے دوران اور بعد میں، مصنوعی ذہانت (AI) کا سہارا لے کر جعلی ویڈیوز بنائی گئیں۔ بھارتی میڈیا نے پرانی ویڈیوز کو نئے واقعے سے جوڑ کر پروپیگنڈا کیا۔ دہشت گرد گروہوں کی جانب سے دی گئی پرانی ویڈیوز کو بھارتی میڈیا نے خوب اچھالا۔ اے آئی امیجز اور جھوٹی اطلاعات کے ذریعے ایک مخصوص بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

جعفر ایکسپریس حملہ: آپریشن مکمل، 21 افراد شہید، تمام دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

آپریشن اور دہشت گردوں کا انجام:

شام کے وقت دہشت گردوں نے کچھ یرغمالیوں کو چھوڑنے کی کوشش کی تاکہ ایسا لگے کہ وہ خود مسافروں کو رہا کر رہے ہیں۔ تاہم، پاک فوج نے منصوبہ بندی کے تحت ان دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

یرغمالیوں کو موقع ملتے ہی کچھ نے بھاگنے کی کوشش کی، لیکن دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ پاک فوج نے جدید حکمتِ عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کی نگرانی کی اور انہیں موت کے گھاٹ اتارا۔

فورسز کو معلوم ہوا کہ دہشت گردوں کے درمیان خودکش حملہ آور بھی موجود تھے، اس لیے انتہائی محتاط انداز میں کارروائی کی گئی۔ ضرار کمپنی کے کمانڈوز نے آپریشن کرتے ہوئے ٹرین کے انجن میں داخل ہو کر دہشت گردوں کو قابو کیا۔ پہاڑ سے فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور پورے آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچنے دیا گیا۔

افغانستان اور بھارت کا کردار:

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں غیر ملکی عناصر، بشمول افغان اور دیگر غیر ملکی جنگجو، ملوث ہیں۔

  •  بلوچستان میں ہونے والے حملوں کا بڑا سہولت کار مشرقی پڑوسی ملک (بھارت) ہے۔
  •  افغانستان سے جدید غیر ملکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
  •  جعفر ایکسپریس حملہ بھی اسی سازش کا حصہ تھا۔

جعفر ایکسپریس حملے کے شہدا کے جسد خاکی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے

حملے کے نتائج:

یاد رہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے سبی کے قریب حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

پاک فوج کی بروقت کارروائی میں تمام 33 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 25 افراد شہید ہوئے۔ فورسز نے بہادری سے تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔

یہ حملہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ایک اور کوشش تھی، مگر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter