لاہور میں منشیات کے ایک مبینہ نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے دو غیر ملکی افراد کو حراست میں لے لیا، جن پر شہر میں منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان افریقی باشندے ہیں اور ان کے تعلقات انمول عرف پنکی کے مبینہ منشیات نیٹ ورک سے جوڑے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان لاہور میں منشیات کی ترسیل اور دیگر سرگرمیوں میں سرگرم رہے۔
حکام نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنکی کے موبائل فون ریکارڈ اور رابطوں کی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہیں۔ ان شواہد کی مدد سے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کوکین کیس کی ملزمہ پنکی کیلئے سخت سیکیورٹی، بغدادی تھانہ حساس قرار
ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ہونے والے انکشافات کے بعد مختلف مقامات پر مزید چھاپوں اور گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں میں موجود ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
