پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، جہاں قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بابر اعظم گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں، جس کے باعث وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ میڈیکل پینل ان کی انجری کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے، جس کے بعد ہی انہیں دوبارہ پریکٹس کی اجازت دی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بابر اعظم صرف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوں گے یا پوری سیریز میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق بابر اعظم پی ایس ایل فائنل کے بعد بنگلہ دیش پہنچے تھے اور ابتدائی دو روز ٹیم کے ساتھ ٹریننگ بھی کرتے رہے، تاہم بعد ازاں انہیں بائیں گھٹنے میں درد محسوس ہوا۔
بابر اعظم کا نیا اعزاز، ٹی ٹوئنٹی میں 100 نصف سنچریاں مکمل
میڈیکل ٹیم کی مشاورت کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں پہلے ٹیسٹ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بابر اعظم کی عدم موجودگی پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے، کیونکہ وہ ٹیسٹ ٹیم کے اہم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان کی جگہ ٹاپ آرڈر میں امام الحق، اذان اویس یا عبداللہ فضل کو موقع مل سکتا ہے، جبکہ محمد رضوان یا سعود شکیل کو بھی اوپر بیٹنگ کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔
یہ جنوری 2021 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب بابر اعظم پاکستان کی جانب سے کوئی بیرونِ ملک ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 8 مئی سے ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سہلٹ میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ڈھاکا کی پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ پچ کا آخری جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
