ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن،پرویز الٰہی پر فردِ جرم عائد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

احتساب عدالت میں گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنس پر سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔ عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر باقاعدہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی ہے، تاہم تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو مسترد کر دیا۔

latest urdu news

یہ سماعت احتساب عدالت کے جج رانا عارف کی سربراہی میں ہوئی، جہاں نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس پر کارروائی کی گئی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں موجود تھے۔ فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد عدالت نے مقدمے کی باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے نیب کو ہدایت دی کہ ریفرنس میں نامزد گواہوں کو 29 جنوری کو پیش کیا جائے تاکہ آئندہ سماعت پر شہادتوں کا عمل شروع کیا جا سکے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمے کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اینٹی کرپشن عدالت میں پرویز الہیٰ کی ایک روزہ حاضری معافی منظور

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس کیس میں دو نئے ملزمان کے سامنے آنے کے بعد ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا تھا، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔ نیب کے مطابق گجرات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جس کی بنیاد پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے اور وہ عدالت میں اپنا مؤقف ثابت کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے قانون اور قواعد کے مطابق مکمل کیے گئے اور کسی قسم کی کرپشن نہیں کی گئی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter