راولپنڈی، سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں 2 خوارج جہنم واصل ہوگئے اور 5 کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے پشین میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا جہاں سے 5 خوارج کو حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے قبضے سے 3 خود کش جیکٹس بھی ملی ہیں جب کہ زیر حراست خوارج متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے، یہ سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 17 اکتوبر کو ژوب میں سکیورٹی فورسز نے ایک اور کارروائی کی جس میں 2 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز شہریوں کو دہشتگردی کی لعنت سے بچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔