پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان ہے، جس کی وجہ سے کاروبار بند کرتے ہوئے آؤٹ اسٹینڈنگ سودے منسوخ کردیے گئے۔
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث مارکیٹ میں سرکٹ بریکر لگایا گیا اور ٹریڈنگ عارضی طور پر معطل کردی گئی۔
مارکیٹ کے آغاز پر ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3331 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مجموعی مندی کا رجحان مزید بڑھتا گیا اور انڈیکس 6287 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 112,504 کی سطح پر آگیا۔ سرکٹ بریکر آن ہونے کے باعث ایکویٹی اور ایکویٹی بیسڈ مارکیٹ 46 منٹ تک بند رہی۔
ٹریڈنگ کی بحالی کے بعد بھی مارکیٹ مندی کا شکار رہی، اور دن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر734.77 پوائنٹس کم ہوکر 111,056.89 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ماہرین کے مطابق مندی کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ممالک پر نئے ٹیرف عائد کرنا ہے، جس نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید ہلچل پیدا کی۔ گزشتہ دو دنوں میں امریکی مارکیٹ سے 60 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری ختم ہو چکی ہے، جبکہ ایشیا، خلیج اور سعودی اسٹاک مارکیٹس بھی گراوٹ کا شکار ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعلامیے کے مطابق ٹریڈنگ معطلی کے دوران تمام آؤٹ اسٹینڈنگ سودے منسوخ کردیے گئے تھے۔