بلوچستان کے مسائل کا حل جمہوری طریقے سے ہی ممکن ہے، نواز شریف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل جمہوری طریقے سے ہی ممکن ہے۔

نواز شریف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رؤف عطا اور بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر نے ملاقات کی۔

latest urdu news

ملاقات کے دوران میاں رؤف عطا نے نواز شریف سے درخواست کی کہ بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں اور قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں۔

اعلامیے کے مطابق تمام رہنماؤں کو یکجا کرنے سے صوبے کے مسائل کے حل پر قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے گا۔

میاں رؤف عطا کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے جمہوری طرزِ عمل ہی بہترین اور قابلِ عمل حل ہے۔

نواز شریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیامِ امن اور حالات کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے مسائل کا حل جمہوری طریقے سے ہی ممکن ہے۔

سابق وزیراعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کے لیے مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter