کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر گجرات کے ہمراہ سروس موڑ گجرات پر قائم ریڑھی بازار کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
گجرات: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کے ہمراہ سروس موڑ گجرات پر قائم ریڑھی بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن نے کمشنر گوجرانوالہ کو بازار میں موجود سہولیات، قیمتوں کے کنٹرول، صفائی کے انتظامات اور عوامی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ کمشنر گوجرانوالہ نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور خود فروٹ و سبزی فروشوں سے نرخ دریافت کیے تاکہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے سخت مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اسکواڈ متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڑھی بازار جیسے اقدامات کا مقصد عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنا ہے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کا ڈپٹی کمشنر آفس گجرات کا دورہ، عوامی سہولت کے کاؤنٹرز کا معائنہ
کمشنر گوجرانوالہ نے میونسپل کارپوریشن اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ وہ بازار کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا ناقص اشیاء کی فروخت پر فوری کارروائی کی جائے۔ مزید برآں، انہوں نے بازار میں صفائی کے انتظامات اور خریداروں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی۔
عوام نے ریڑھی بازار کے قیام اور قیمتوں پر کنٹرول کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔