اسلام آباد، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ امریکا کی نئی انتظامیہ کیساتھ مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں موجود جن افغان مہاجرین نے امریکا جانا ہے اس متعلق پرانی پالیسی پر ہی عمل درآمد کررہے ہیں، ابھی اس حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ افغان مہاجرین کا تیسرے ملک جانے کا معاملہ سست روی کا شکار ہے، چاہتے ہیں کہ افغان باشندے جلد از جلد تیسرے ملک منتقل ہو جائیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی سفیر نے کی ہے، محسن نقوی امریکا دفتر خارجہ کے ذریعے نہیں گئے۔
مراکش کشتی حادثہ سے متعلق بات کرتے ہوئے شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ مراکش میں کشتی حادثہ پیش آیا، مراکش کشتی حادثہ میں 22 افراد بچ گئے، مراکش حکام کے شکر گزار ہیں انہوں نے مدد کی، تارکین وطن کی وطن واپسی کیلئے سفارتخانہ مراکشی حکام سے رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، عالمی برادری غزہ کی تعمیر نو کیلئے منصوبہ مرتب کرے، عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل سلامتی کونسل کے مطابق چاہتا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل پر زور دیتا ہے۔