اے ایس ایف نے والٹن کے رہائشی مسافر کو دوران اسکینگ لیب ٹاپ بیگ سے گولیاں برآمد ہونے پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے قطر جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 13 عدد 9 ایم ایم گولیاں برآمد ہونے پر اسے آف لوڈ کر دیا گیا۔ اے ایس ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافر شان صادق کے لیپ ٹاپ بیگ سے گولیاں برآمد ہوئیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر تھانہ سرور روڈ کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے شان صادق کے خلاف 13-اے 21965 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ گولیاں برآمد ہونے پر مسافر سے ان کے لائسنس کی بابت سوال کیا گیا، لیکن وہ لائسنس دکھانے میں ناکام رہا۔ شان صادق نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ گولیاں اس کے والد کے لائسنس پر خریدی گئی تھیں۔
شان صادق کے مطابق اس کا والد اسلحہ خریدنے کا لائسنس رکھتا ہے اور گولیاں غلطی سے اس کے لیپ ٹاپ بیگ میں آ گئیں، جس کا اسے علم نہیں تھا۔ شان صادق قطر ائر ویز کی پرواز 621 سے دوحہ جا رہا تھا، جہاں وہ قطر ایئر لائن میں بطور ٹریفک اسسٹنٹ کام کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مسافر اے ایس ایف کی پہلی چیکنگ سے گزرنے میں کامیاب رہا اور امیگریشن کاؤنٹر سے بھی گزر گیا، تاہم آخری چیکنگ کاؤنٹر پر اے ایس ایف نے دوبارہ سامان کی جانچ پڑتال کی جس کے دوران گولیاں برآمد ہو گئیں۔