آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 363 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 362 رنز کا ہدف دے دیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کیویز کے بلے بازوں نے تاریخی کارکردگی دکھائی، جہاں راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل مچل نے جارحانہ بیٹنگ کی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے، جو چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا، جس نے 356 رنز بنائے تھے۔
کیویز کی پہلی وکٹ 48 رنز پر گری لیکن اس کے بعد کین ولیمسن اور راچن رویندرا کے درمیان 164 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ راچن رویندرا 108 جبکہ ولیمسن 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے بھی 49، 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3، کاگیسو ربادا نے 2 جبکہ ملڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ فاتح ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی، جو پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے چکا ہے۔