اسلام آباد، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کردی گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پشاور میں میری اور علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات میں آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات رکھے ہیں، امید ہے اب صورتحال بہتر ہو جائے گی، مذاکرات خوش آئند ہیں، میں شروع سے یہی کہہ رہا تھا چیزیں بہتر ہونی چاہئیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی، دوسری سمت سے بھی مثبت جواب ملا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پاک ترکیہ فرینڈ شپ ریڈیو میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ اس میوزیم کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے کردار اور تاریخی پس منظر کو آئندہ وقت کیلئے محفوظ کیا، جو قومیں ماضی پر فخر نہیں کرتیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتیں۔