اسلام آباد، بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے، جس کے بعد ان کیخلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمات کی نئی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔
پولیس رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد سابق وزیراعظم کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اس سے پہلے عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔
سیکرٹری داخلہ کی جانب سے صوبوں میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی جمع کروائی گئی، اسکے بعد عدالت نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے بعد نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اسپیڈ کم ہونے کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے۔