کے الیکٹرک نے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر ریلوے کی کاٹی جانے والی بجلی کو بحال کردیا۔
پاکستان ریلوے کے مختلف کالونیوں اور تنصیبات کی بجلی کو کے الیکٹرک نے عدم ادائیگی کے باعث کاٹ دیا تھا۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق، پاکستان ریلوے کے 31 کنکشنز پر واجب الادا بل کی رقم 43 کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی، جس کے باعث بجلی کی فراہمی کو معطل کر دیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد ریلوے کے ڈی ایس کراچی ناصر خلیلی نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بجلی کی معطلی سے ریلوے کا نظام متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے 10 سال سے کے الیکٹرک پر 70 ارب روپے کے واجبات ہیں، اور اگر کے الیکٹرک نے یہ واجبات ادا نہیں کیے تو ریلوے اپنے بجلی کے بلوں کی ادائیگی روک دے گا۔
تاہم، اب ترجمان ریلوے کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ عدالت نے کے الیکٹرک کے اسٹے آرڈر کو ختم کر دیا ہے، اور دونوں فریقین کو اس معاملہ کو حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں ریلوے کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔