سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما کے نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے کامیڈی شو میں واپسی کیلئے انوکھی شرط رکھ دی۔
بھارتی ریاست پنجاب کے سابق وزیر اور کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو نے تقریباً پانچ سال بعد کپل شرما شو میں واپسی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ایک منفرد شرط رکھ دی ہے۔
حالیہ دنوں نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کی نئی قسط میں سدھو اپنی اہلیہ اور بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کے ساتھ بطور مہمان شریک ہوئے۔ پروگرام کے اختتام پر سدھو نے شو میں واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اس صورت میں واپس آئیں گے جب ارچنا پورن سنگھ بھی شو کا حصہ رہیں گی، اور وہ دونوں ایک ساتھ شو کا حصہ بنیں گے۔
نووجوت سنگھ سدھو 2019 تک کپل شرما شو کا اہم حصہ تھے، لیکن پلوامہ حملے پر ان کے ایک بیان نے بھارت میں ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔ انتہا پسند ہندوؤں نے ان کے خلاف مظاہرے کیے اور کامیڈی شو کے بائیکاٹ کی دھمکیاں دیں۔ اس دباؤ کے تحت انتظامیہ نے سدھو کو شو سے علیحدہ کردیا۔
سدھو کے بعد ان کی جگہ ارچنا پورن سنگھ نے لی، جو اب تک شو کا حصہ ہیں۔ سدھو نے حالیہ شو میں پرانی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کی زندگی کے یادگار دنوں میں سے ایک رہا، اور وہ اسی ماحول میں دوبارہ کام کرنا چاہتے ہیں۔
سدھو نے واضح طور پر کہا کہ وہ صرف اس شرط پر واپس آئیں گے کہ ارچنا پورن سنگھ بھی ان کے ساتھ شو کا حصہ ہوں۔ یہ شرط پروگرام میں نئے موڑ کی طرف اشارہ کر رہی ہے، لیکن ابھی تک شو کی انتظامیہ نے اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔