پشاور، خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور معدنیات کے شعبے کو مافیا کے اثر و رسوخ سے آزاد کرانا چاہتے ہیں، اور مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں متوقع ترامیم کے خلاف مافیا سرگرم ہو چکا ہے۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ مافیا وزیرِ اعلیٰ کے اصلاحاتی منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اگر وہ وفاقی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے تو صوبائی اختیارات وفاق کے حوالے کرنے کا سوال کیسے اٹھایا جا سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا واضح موقف ہے کہ مافیا کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں متوقع ترامیم کوئی پوشیدہ معاملہ نہیں ہیں، ان ترامیم کا مقصد شعبہ معدنیات کو مستحکم اور منافع بخش بنانا ہے اور ان ترامیم پر اسمبلی میں اپوزیشن کی رائے بھی لی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ناپسندیدہ سلوک کا وقت آنے پر حساب لیا جائے گا۔
اڈیالہ میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے بانی و چیئرمین عمران خان کی بہنوں اور دیگر قائدین کے ساتھ بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔