تامل فلموں کے معروف اداکار اور سیاسی جماعت تاملاگا ویٹری کزگم کے سربراہ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے شادی کے 28 سال بعد طلاق کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ سنگیتا نے مقامی عدالت میں درخواست جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی شادی پہلی بار 10 جولائی 1998 کو برطانیہ میں رجسٹرڈ ہوئی، جبکہ 25 اگست 1999 کو چنئی میں ہندو رسم و رواج کے مطابق باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شادی کے ابتدائی سال خوشگوار رہے، تاہم اپریل 2021 میں وجے کے ایک اداکارہ کے ساتھ مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کا علم ہوا، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت اور جذباتی صدمہ پہنچا۔ سنگیتا کے مطابق وجے کی جانب سے تعلق ختم کرنے کی یقین دہانیوں کے باوجود یہ سلسلہ جاری رہا، جو ازدواجی اعتماد کی خلاف ورزی ہے۔
تاحال وجے کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
