ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ ایکشن اسٹار ٹام کروز کو اُن کی طویل اور قابلِ ذکر فلمی خدمات کے اعتراف میں پہلا اعزازی آسکر ایوارڈ دے دیا گیا، یوں تقریباً ساڑھے چار دہائیوں بعد ان کا انتظار ختم ہو گیا۔
لاس اینجلس میں ہونے والی سالانہ گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے 63 سالہ ٹام کروز کو یہ اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر حاضرین نے کھڑے ہو کر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹام کروز اپنے کیریئر کے دوران بہترین اداکار کے لیے چار مرتبہ آسکر نامزد ہو چکے ہیں، لیکن انہیں کسی کردار کے لیے کبھی یہ اعزاز نہیں مل پایا۔ اس بار بھی انہیں مخصوص فلم کے بجائے ان کی مجموعی خدمات، اثر انگیز کارکردگی اور سینما کے لیے غیر معمولی تعاون پر سراہا گیا۔
اینا ڈی آرمس نے ٹام کروز کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ٹام کروز نے جذباتی انداز میں کہا، ’’فلمیں بنانا صرف میرا پیشہ نہیں، یہ میری پہچان ہے۔‘‘ انہوں نے اپنے فلمی سفر میں ساتھ دینے والے ہدایتکاروں، اداکاروں اور پوری ٹیم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس سال کے اعزازی آسکر ایوارڈز کے دیگر وصول کنندگان میں معروف کوریوگرافر ڈیبی ایلن، باصلاحیت پروڈکشن ڈیزائنر وین تھامس اور لیجنڈری گلوکارہ ڈولی پارٹن بھی شامل تھیں۔
