لاس اینجلس، ہالی وڈ فلم انڈسٹری کے معروف اور بااثر ہدایتکار جیمز فولی 71 سال کی عمر میں دماغ کے کینسر کے خلاف طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز فولی گزشتہ ایک سال سے برین کینسر میں مبتلا تھے، اور بالآخر یہ مہلک بیماری ان کی زندگی کا چراغ گل کر گئی۔
جیمز فولی کو سب سے زیادہ شہرت ہالی وڈ کی مقبول فلم سیریز "ففٹی شیڈز آف گرے” کے سیکوئلز کی ہدایت کاری کے بعد ملی۔ ان کی فلم سازی کے منفرد انداز نے انہیں عالمی سطح پر ایک ممتاز مقام دلایا۔
فولی نے فلمی دنیا میں قدم 1984 میں فلم "Reckless” سے رکھا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی فلموں، ٹی وی شوز اور میوزک ویڈیوز کی ہدایت کاری کی، جن میں ان کا کام ہمیشہ نیا پن اور تخلیقی وژن لیے ہوتا تھا۔
انہوں نے پاپ آئیکون میڈونا کے لیے کئی مشہور میوزک ویڈیوز بنائیں، جن میں “Papa Don’t Preach,” “Live To Tell,” اور “True Blue” شامل ہیں۔ ان ویڈیوز نے نہ صرف موسیقی کی دنیا میں دھوم مچائی بلکہ فولی کے ویژول اسٹائل کو بھی عالمی سطح پر متعارف کرایا۔
جیمز فولی نے فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر بھی شاندار کام کیا۔ ان کے کریڈٹ پر نیٹ فلکس کی مشہور سیاسی سیریز “House of Cards” کی 12 اقساط بھی موجود ہیں، جنہوں نے ناقدین سے خوب داد سمیٹی۔
فلمی دنیا ایک تخلیقی ذہن، بااثر ہدایتکار اور مخلص فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔