عمارہ چوہدری کا انکشاف: گھر میں بےہوش پڑی رہی، کسی کو خبر نہ ہوئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف پاکستانی اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں تنہا رہنے کے دوران پیش آنے والے ایک تشویشناک واقعے کا انکشاف کیا ہے، جس میں وہ کورونا کے دوران پورا دن بے ہوش حالت میں گھر میں اکیلی رہیں۔

عمارہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مہمان کے طور پر شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اداکارہ حمیرا اصغر کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں اکیلے رہنے کے ذاتی تجربات شیئر کیے۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا: "اکیلا رہنا بظاہر آزاد زندگی لگتی ہے، لیکن اصل میں یہ ایک جذباتی اور ذہنی چیلنج ہوتا ہے۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں کام کے سلسلے میں تنہائی اکثر بہت بھاری پڑتی ہے۔”

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ کام کے لیے اکثر کراچی آتی ہیں، جہاں وہ تنہا فلیٹ میں مقیم ہوتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کورونا وبا کے دوران ایک بار وہ شوٹ سے واپس آئیں تو طبیعت بگڑنے کے باعث بے ہوش ہو گئیں اور پورا دن اسی حالت میں رہیں۔

عمارہ کے مطابق: "میرے گھر والوں نے بار بار کال کی، لیکن جواب نہ ملنے پر وہ پریشان ہو گئے۔ انہوں نے میرے مالک مکان سے رابطہ کیا، جس نے آ کر دروازہ کھٹکھٹایا تو میری آنکھ کھلی۔ اگر وہ نہ آتے تو شاید میری حالت اور بگڑ جاتی۔”

اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے جب موبائل دیکھا تو درجنوں کالز مس تھیں اور گھر والے شدید فکر مند تھے۔ "میرے فلیٹ مالک کو لگا تھا میں لاہور چلی گئی ہوں، اسی لیے پہلے دروازہ نہیں کھٹکھٹایا۔”

عمارہ چوہدری نے اس گفتگو میں حمیرا اصغر کی تنہائی میں موت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ اکیلے رہنے والوں کی خیریت پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ یاد رہے، اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش رواں ماہ کراچی کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی۔ اطلاعات کے مطابق، ان کی موت کو کئی ہفتے گزر چکے تھے جب ان کی لاش دریافت ہوئی۔

عمارہ نے کہا کہ ایسے واقعات ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ شہرت یا آزادی کے پیچھے تنہائی کی ایک تلخ حقیقت بھی موجود ہوتی ہے، جسے اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter