گجرات: تھانہ کنجاہ کی حدود میں پولیس کارروائی کے دوران دو مبینہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جسوکی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اس دوران موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران دو مسلح ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت غلام مرتضیٰ اور زبیر کے نام سے ہوئی۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی کامران ممتاز کا گجرات ڈویژنل کنٹرول روم کا دورہ، محرم انتظامات کا جائزہ
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ڈکیتی اور چوری کی تین درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
