صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ گجرات میں نئے میگا ترقیاتی منصوبوں کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے شہر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب سے فنڈز کی منظوری کے بعد رحمن شہید روڈ پر تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے، جو آئندہ دو سے تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے متعدد اہم منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ سروس موڑ فلائی اوور پر کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اسے آئندہ ماہ کے آغاز تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ سماں موڑ پل منصوبے کے لیے رواں سال ہی فنڈز منظور کروا کر عملی کام شروع کیا جائے گا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے گیس انفرااسٹرکچر کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور ان کے مشترکہ فنڈز سے یونین کونسل نمبر 3 مسلم آباد، بھٹیاں قبرستان سے اقبال چوک تک نئی گیس پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ اگلے مرحلے میں باغ باوا مسلم آباد، رحمت پورہ، نور پور شرقی اور چاوہ بیری والا کھوہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گجرات کے دیرینہ سیوریج مسائل کے مستقل حل کے لیے 26 ارب روپے کی لاگت سے ایک میگا منصوبہ منظور ہو چکا ہے، جس پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے لیے زیرو ٹولرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کام مشاورت، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے تحت مکمل کیے جائیں گے اور کسی کو بھی کمیشن یا بدعنوانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔
