گجرات میں معمولی جھگڑا جان لیوا بن گیا، فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کنجاہ کے نواحی علاقے میں معمولی تلخ کلامی ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گئی، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کنجاہ کے قریبی گاؤں چوکنوالی کے نزدیک پیش آیا، جہاں دورانِ سفر معمولی تکرار اچانک شدت اختیار کر گئی۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران آتشیں اسلحہ کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار قیصر ولد مشتاق شدید زخمی ہو گیا۔ فائر لگنے سے وہ موقع پر ہی خون میں لت پت ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی کو پولیس کی نگرانی میں فوری طور پر میجر شبیر شریف شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم قیصر کی حالت انتہائی نازک تھی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 45 سال بتائی جاتی ہے۔

مقتول کی شناخت قیصر ولد مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، جو جٹ برادری سے تعلق رکھتا تھا اور گاؤں چوکنوالی، تحصیل و ضلع گجرات کا رہائشی تھا۔ وہ پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی اور چھ بچوں کا باپ تھا۔ قیصر کی موت کی خبر پھیلتے ہی اس کے گھر میں کہرام مچ گیا اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔

گجرات پولیس کا منشیات اور ناجائز اسلحہ فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ کسی پرانی دشمنی یا خاندانی تنازع کا نتیجہ نہیں بلکہ راستے میں ہونے والی معمولی تکرار کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے مقدمے میں دو ملزمان کو نامزد کر لیا ہے جن میں مظہر حسین عرف مظہرہ ولد محمد حسین، قوم وڑائچ، ساکن اچھہر کے شاد یوال، اور رضا حسین ولد مظہر حسین، ساکن اچھہر کے شاد یوال شامل ہیں۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے قیصر کو جان لیوا زخم پہنچائے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جلد ہی ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter