گھوٹکی، کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے ایک اور مغوی کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔
کچے کے ڈاکوؤں نے خادم مگسی کو 2 ہفتے پہلے گھوٹکی سے اغوا کیا تھا۔
اغوا کاروں کی جانب سے گھوٹکی سے 2 ہفتے پہلے اغوا کیے گئے خادم مگسی نامی شخص کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔
ویڈیو میں پانی میں کھڑا، زنجیروں میں جکڑا مغوی پریشان ہو کر جان بچانے کی دردمندانہ اپیل کررہا ہے۔
مغوی کا یہ کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو تاوان دے کر اُسے چھڑایا جائے ورنہ اُسے قتل کردیا جائے گا، اغوا کاروں نے مغوی کی بازیابی کے لیے 1 کروڑ روپے تاوان دینے کا مطالبہ کررکھا ہے۔
سنگین معاملے کے پیش نظر ورثاء مغوی کی بازیابی کے لیے 3 مرتبہ قومی شاہراہ پردھرنا بھی دے چکے ہیں۔
دوسری جانب سندھ پولیس نے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا۔
ایس ایس پی بشیر بروھی کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ کے 12 افراد کو ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچایا گیا ہے۔
ایس ایس پی بشیر بروھی کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔