چین: ایک چینی کمپنی Unitree Robotics نے دنیا کا تیز ترین انسان نما روبوٹ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو اپنی رفتار کے باعث ماہرین کو حیران کر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق “Unitree H1” نامی یہ روبوٹ جدید Artificial Intelligence ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور ایتھلیٹک ٹریک پر تقریباً 10.1 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔ یہ رفتار دنیا کے تیز ترین انسان Usain Bolt کی اوسط رفتار کے بہت قریب ہے، جنہوں نے 2009 میں 100 میٹر صرف 9.58 سیکنڈ میں مکمل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگرچہ رفتار کے اعداد و شمار میں معمولی فرق ہو سکتا ہے، تاہم یہ روبوٹ موجودہ دور کے دیگر انسان نما روبوٹس کے مقابلے میں نمایاں طور پر تیز ہے اور رفتار کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔
دنیا کا پہلا بایومیمیٹک اے آئی روبوٹ، انسان جیسی حرارت اور تاثرات کے ساتھ تیار
یہ روبوٹ انسانی حرکات کی نقل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا وزن تقریباً 62 کلوگرام ہے۔ اس میں جدید سینسرز، کیمرے اور گیئر سسٹم نصب ہیں، جو اسے نہ صرف تیزی سے دوڑنے بلکہ توازن برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ حتیٰ کہ دھکا لگنے کی صورت میں بھی یہ خود کو سنبھال سکتا ہے۔
مزید یہ کہ اس روبوٹ کو 19 اپریل سے چین میں ہونے والی ایک روبوٹ میراتھون میں بھی شامل کیا جائے گا، جہاں اس کی کارکردگی کو عملی طور پر دیکھا جائے گا۔
