امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کے حوالے سے حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو پیٹرول سبسڈی پیکج میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
چھوٹی گاڑیوں اور کسانوں کے لیے ریلیف
حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو پیٹرول ریلیف پیکج میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹروں کے لیے ڈیزل پر بھی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
حکومت نے پیٹرول سبسڈی اسکیم بند کرنے کا اعلان کر دیا
سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق فیصلہ
امیر جماعت اسلامی نے مزید بتایا کہ معاہدے کے تحت سرکاری سطح پر ایک ہزار 600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کی معاشی تجاویز پر غور اور ان پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق وزیراعظم نے جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے اور ان پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ماخذ: جیو نیوز
