بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور اپنی آنے والی فلم ’ایٹھا‘ کے ایک گانے کی تیاری کے دوران بھاری گھنگھرو پہن کر مسلسل رقص کرنے کے باعث زخمی ہوگئیں۔ فلم ساز لکشمن اتریکر نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ روزانہ کئی گھنٹے 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر مشق کرتی تھیں، جس کے باعث ان کے پاؤں سوج گئے اور پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہوگیا۔
روایتی رقص سیکھنے کے لیے کئی ہفتے مشق
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز لکشمن اتریکر نے فلم کے گانے ’جی جی رے جی‘ کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شردھا کپور کی محنت اور کام سے لگن کی تعریف کی۔
انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نے فلم میں اپنے کردار کی تیاری کے لیے مہاراشٹر کے روایتی رقص ’تماشا‘ اور ’لاوانی‘ کو سیکھنے پر خصوصی توجہ دی۔
فلم میں شردھا کپور مشہور فنکارہ وتھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤں کر کا کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے لیے انہیں روایتی رقص کے انداز، حرکات اور فنکارانہ مہارت پر عبور حاصل کرنا تھا۔
روزانہ 8 گھنٹے 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر ریہرسل
فلم ساز کے مطابق شردھا کپور نے ہر گانے کی تیاری کے لیے تقریباً 25 دن تک ریہرسل کی۔ اس دوران وہ روزانہ آٹھ گھنٹے تک تقریباً 8 کلو وزنی گھنگھرو پہن کر رقص کی مشق کرتی رہیں۔
سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی مانگ لی، وجہ بھی سامنے آگئی
اتنے بھاری گھنگھرو مسلسل پہننے اور طویل وقت تک رقص کرنے کے باعث اداکارہ کے پاؤں سوجھ گئے تھے، تاہم انہوں نے اپنی تیاری جاری رکھی۔
انجری کے باعث شوٹنگ ایک ماہ کے لیے روک دی گئی
لکشمن اتریکر نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کا پہلا دن معمول کے مطابق گزرا، لیکن دوسرے روز شردھا کپور کے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہوگیا، جس کے باعث شوٹنگ روکنا پڑی۔
فلم ساز کے مطابق اداکارہ کی انجری کے بعد تقریباً ایک ماہ کا وقفہ لیا گیا اور پھر گانے کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی گئی۔
انہوں نے اس موقع پر شردھا کپور کی پیشہ ورانہ لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی رقص سیکھنے اور اسے پردۂ سیمیں پر حقیقت کے قریب پیش کرنے کے لیے اداکارہ نے غیر معمولی محنت کی۔
ماخذ: جیو نیوز اردو، بھارتی میڈیا رپورٹس اور فلم ساز لکشمن اتریکر کا بیان
