پنجاب میں خواتین کے لاپتا ہونے کے واقعات سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2025 تک صوبے میں ایک لاکھ سے زائد خواتین کے لاپتا ہونے کے کیس رپورٹ ہوئے، جبکہ 2026 کے دوران بھی ہزاروں واقعات سامنے آئے ہیں۔
رواں سال لاپتا خواتین کے تقریباً 22 ہزار کیس رپورٹ
آئی جی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ رواں سال اب تک 21 ہزار 956 خواتین کے لاپتا ہونے کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار 781 کیس تاحال حل طلب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خواتین کے لاپتا ہونے کے سب سے زیادہ واقعات لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے صوبائی دارالحکومت میں اس مسئلے کی سنگینی نمایاں ہوتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو مزید بتایا کہ 2021 سے 2025 تک صوبے بھر میں ایک لاکھ سے زائد خواتین کے لاپتا ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
لاہور ہائیکورٹ کا خواتین کی عدم بازیابی پر اظہار تشویش
پولیس رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کی بازیابی سے متعلق صورتحال پر سوالات اٹھائے اور استفسار کیا کہ ایک ہزار 87 خواتین کو اب تک بازیاب کیوں نہیں کرایا جا سکا۔
عدالت نے لاہور پولیس کی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ موجودہ ٹیم کام کرنے کے قابل نہیں، اسے تبدیل کیا جائے۔
ملک بھر میں لاپتا افراد کے کیسز 10 ہزار 806 تک پہنچ گئے
خواتین پولیس افسران پر مشتمل ٹیمیں بنانے کی ہدایت
عدالت نے خواتین کے لاپتا ہونے اور ان کی بازیابی کے مقدمات میں خواتین پولیس افسران کو تعینات کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ان معاملات کی تفتیش اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔
لاہور ہائیکورٹ نے مخصوص تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے، جو لاپتا خواتین کے مقدمات پر کام کرے گی۔
عدالت نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ خواتین کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور آئندہ سماعت پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے۔
ماخذ: جیو نیوز
