بھارت کی ریاست گجرات میں ایک بندر نے صبح کی چہل قدمی کے لیے گھر سے نکلنے والی خاتون پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں بندر کو خاتون پر بار بار حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بندر نے خاتون پر اچانک حملہ کردیا
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست گجرات کے علاقے چھانی جکاتناکا میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون رہائشی عمارت سے صبح کی سیر کے لیے باہر نکل رہی تھیں۔
اسی دوران سامنے سے ایک بندر تیزی سے آیا اور خاتون پر حملہ کردیا۔ اچانک حملے کے باعث خاتون خود کو سنبھال نہ سکیں اور زمین پر گر گئیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر نے خاتون کو متعدد بار کاٹا اور ان پر حملہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔
بندروں کے خوف سے خاتون چھت سے گر کر ہلاک
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق بندر کی جانب سے بار بار لوگوں کو پریشان کرنے اور مداخلت کرنے کی شکایات محکمہ جنگلات کو کی جا رہی تھیں۔
View this post on Instagram
محکمہ جنگلات نے بندر کو پکڑ لیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم نے بندر کو پکڑنے کے لیے کارروائی کی۔
کوششوں کے بعد ہفتے کے روز محکمہ جنگلات کی ٹیم بندر کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی، جس کے بعد اسے پنجرے میں بند کردیا گیا۔
اس کارروائی کے بعد علاقے کے رہائشیوں نے سکھ کا سانس لیا، تاہم واقعے نے ایک بار پھر شہری آبادیوں میں جنگلی جانوروں کی موجودگی اور ان سے لاحق خطرات کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔
ماخذ: بھارتی میڈیا رپورٹس۔
