عمران خان کی میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار، مندرجات خفیہ رکھے جائیں گے، پمز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شفا انٹرنیشنل اسپتال کے 2 ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں کے معائنے میں بھی حصہ لیا، پمز کے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ مکمل کرلی

latest urdu news

اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، تاہم سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق رپورٹ کے مندرجات خفیہ رکھے جائیں گے۔

پمز کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے طبی معائنے کے دوران شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں نے بھی آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دیگر تمام طبی معائنے پمز اسپتال کے متعلقہ ماہرین نے کیے، جبکہ پمز کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی مکمل میڈیکل فٹنس رپورٹ مرتب کرلی ہے۔v

پمز کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت طبی رپورٹ کی تفصیلات اور مندرجات کو عام نہیں کیا جائے گا اور انہیں خفیہ رکھا جائے گا۔

عمران خان طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل واپس منتقل، ڈاکٹرز نے صحت مند قرار دے دیا

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں شفا کے بجائے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی۔

حکومت نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ 18 اگست کو عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق دیا گیا حکم واپس لیا جائے۔ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ کسی قیدی کو اس کی پسند کے نجی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دینے سے دیگر قیدیوں کی جانب سے بھی ایسی ہی سہولت کے مطالبات سامنے آسکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter