راولاکوٹ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، رینجرز اہلکار شہید، متعدد پولیس اہلکار زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں انتخابات کے بعد راولاکوٹ میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے راولاکوٹ کی جانب مارچ کی کوشش کی۔

latest urdu news

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے پر فائرنگ اور پرتشدد کارروائیاں کی گئیں، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ بعد ازاں راولاکوٹ کے نواحی علاقے میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے دوران رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہو گئے۔

حکام کے مطابق پرتشدد مظاہرین نے پولیس اور رینجرز کی ایک، ایک سرکاری گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا، جبکہ مجموعی طور پر تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شدید اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ حکام کے مطابق کامیاب انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے تشدد، آتش زنی اور سرکاری املاک پر حملوں کی کوشش کی گئی۔

راولاکوٹ میں پولیس بکتر بند پر فائرنگ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارکنوں پر الزام

پولیس نے واضح کیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور تشدد، آتش زنی اور حملوں میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter