گجرات: پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) گجرات کے زیرِ اہتمام KIPS کالج گجرات میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس گجرات، لیفٹیننٹ کرنل فیصل محمود تھے، جنہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے، اساتذہ، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر نوجوانوں میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہوگی تاکہ وہ اس لعنت سے محفوظ رہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنی توانائیاں تعلیم، کھیل، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں، کیونکہ یہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل فیصل محمود نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود ہر قسم کی منشیات سے دور رہیں بلکہ اپنے دوستوں، اہلِ خانہ اور معاشرے میں بھی انسدادِ منشیات کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرامز کے ذریعے نوجوان نسل کو محفوظ بنانے کے مشن پر بھی بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔
ملک بھر میں انسدادِ اسمگلنگ کارروائیاں، 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
سیمینار کے دوران ماہرین نے طلبہ کو منشیات کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی اور معاشرتی نقصانات سے آگاہ کیا، جبکہ منشیات کی روک تھام میں شہریوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے اس آگاہی سیمینار کو سراہتے ہوئے اسے موجودہ حالات میں نہایت اہم اور مؤثر اقدام قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ منشیات سے پاک، صحت مند اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ادارے، تعلیمی حلقے، والدین اور عوام باہمی تعاون سے انسدادِ منشیات کی مہم کو مزید مؤثر بنائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن لعنت سے بچایا جا سکے۔
