بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارا ٹنڈولکر نے ایک فوٹوگرافر کی جانب سے ان پر کیے گئے نامناسب تبصرے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک پاپارازی اکاؤنٹ کی جانب سے سارا ٹنڈولکر کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی، جس میں وہ اپنی بھابھی ثانیہ چنڈوک کے ساتھ ایئرپورٹ پر موجود تھیں۔ ویڈیو کے ساتھ لگایا گیا کیپشن انتہائی غیر مناسب تھا، جس میں ان کے جسمانی خدوخال پر طنزیہ جملہ شامل تھا۔
اس نامناسب پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے بھی اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے اسے نجی زندگی میں غیر ضروری مداخلت اور خواتین کے خلاف نامناسب رویہ قرار دیا۔
بعد ازاں سارا ٹنڈولکر نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ رویہ صحافت نہیں بلکہ گھٹیا پن ہے اور عوامی شخصیات کو بھی ذاتی حد تک احترام دیا جانا چاہیے۔
سچن ٹنڈولکر کے بیٹے کی معروف بزنس مین کی پوتی سے منگنی
سارا نے متعلقہ فوٹوگرافر کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دینے سے رویے کی سنگینی ختم نہیں ہوتی، اور ایسے طرز عمل کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔
اگرچہ بعد میں مذکورہ ویڈیو کو ہٹا دیا گیا، تاہم سارا ٹنڈولکر کا ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، اور متعدد صارفین نے ان کے موقف کی حمایت کی ہے۔
