بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں شادی کی تقریب کے دوران ایک 11 سالہ بچہ شدید جھلس گیا۔
رپورٹس کے مطابق بچے چمن نے اپنی نانی کے ہمراہ ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کی تھی۔ تقریب کے دوران وہ کھانے کے حصے میں چلا گیا اور رس گلے لینے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس پر کیٹرنگ عملے کے ایک فرد نے غصہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کیٹرنگ ٹھیکیدار نے بچے کو ڈانٹنے کے بعد اسے اٹھا کر جلتے ہوئے تندور کے قریب لے جانے کی کوشش کی، اسی دوران بچہ توازن کھو بیٹھا اور حادثاتی طور پر تندور میں جا گرا۔ واقعے کے بعد وہاں موجود افراد نے فوراً بچے کو باہر نکالا، تاہم اس دوران اس کے چہرے اور جسم کا بڑا حصہ جھلس چکا تھا۔
متاثرہ بچے کو فوری طور پر ایودھیا میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بعد ازاں اسے مزید علاج کے لیے لکھنؤ ریفر کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے، جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
