کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ٹوپی گینگ کے سات ارکان کو گرفتار کر لیا۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کورنگی میں کارروائی کی گئی، جہاں ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں محمد ظفر، ساجن، محمد وقار، دانیال، شاہ زیب، شاہد اور محمد اسماعیل شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے بغیر لائسنس اسلحہ، گولیاں، کھلونا پستول، متعدد موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ یہ گروہ ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری، چھیننے اور جیب تراشی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ گینگ 2018 سے سرگرم تھا اور سندھ بھر میں 900 سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ ان کی کارروائیاں سکھر، کندھ کوٹ، روہڑی سمیت مختلف علاقوں تک پھیلی ہوئی تھیں، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔
کراچی میں شیطانی شکل کے مجسمے کی اصل کہانی سامنے آ گئی
حکام کے مطابق ملزمان پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے جیب تراشی اور بڑی شاہراہوں پر لوٹ مار میں بھی ملوث تھے۔ مرکزی ملزم محمد ظفر کو ایک واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا چکا ہے۔
سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، جبکہ زیر حراست ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
